سيدرسول بیٹنی
اسلام آباد: پاکستان گلوبل مینٹل ہیلتھ سمٹ 2026 کا آغاز کل اسلام آباد میں ہوگا، جس میں تقریباً 300 ملکی و غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق سمٹ میں وفاقی و صوبائی حکام، ملکی و غیر ملکی ماہرین، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور نوجوان شریک ہوں گے۔
سمٹ کے دوران بچوں، نوجوانوں اور معاشرے کے لیے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ذہنی صحت کے نظام کی تشکیل پر غور کیا جائے گا، جبکہ ذہنی صحت سے متعلق پالیسی اقدامات کو عملی شکل دینے کے لیے مختلف تجاویز اور حکمت عملیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ترجمان کے مطابق سمٹ میں بچوں اور نوعمروں کی ذہنی صحت سے متعلق قومی پروگرامز کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ ماہرین ذہنی صحت کی سہولیات تک رسائی، آگاہی، پالیسی سازی اور مؤثر نظام کی تشکیل سے متعلق امور پر اپنی آرا پیش کریں گے۔
پاکستان گلوبل مینٹل ہیلتھ سمٹ 2026 کا مقصد ذہنی صحت کے شعبے میں قومی سطح پر پالیسی اور عملی اقدامات کو فروغ دینا اور بچوں و نوجوانوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات کی ذہنی صحت کے لیے مؤثر نظام کی تشکیل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

