سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل پریس کلب (این پی سی) کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صحافیوں کی ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافے کے لیے آئندہ دو ماہ کے اندر پریس کلب میں جدید ڈیجیٹل لیب قائم کی جائے گی۔
ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہو چکی ہے، اس لیے صحافیوں کو مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل میڈیا اور جدید صحافتی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے روزگار کے تحفظ، تنخواہوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی، ہاؤسنگ، ہیلتھ کارڈ کی بحالی اور دیگر فلاحی منصوبوں پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کو جدید ڈیجیٹل تربیت فراہم کرنے کے لیے کسی جامع تعلیمی ادارے کے ساتھ شراکت داری بھی کی جائے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ ہے اور صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے آزاد اور مضبوط پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو جمہوری معاشرے کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے صحافیوں کو درپیش ہاؤسنگ کوٹہ، ہیلتھ کارڈ، خصوصی گرانٹ اور واجبات سمیت دیگر دیرینہ مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ نئی ویب سائٹ کے ذریعے ممبران کا ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو جائے گا، جس سے انتظامی امور میں شفافیت اور بہتری آئے گی جبکہ ممبران اپنی پروفائلز آن لائن اپ ڈیٹ بھی کر سکیں گے۔
تقریب کے اختتام پر نیشنل پریس کلب نے وفاقی وزیر اطلاعات کو اعزازی رکنیت کا سرٹیفکیٹ پیش کیا، جبکہ عطاء اللہ تارڑ نے پریس کلب کے زیر اہتمام ایک ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

