اسماعيل شاکر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور اس کے ذریعے وفاقی حکومت پر سیاسی دباؤ ڈالا جائے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ اسلام آباد لانگ مارچ سے متعلق پارٹی اجلاس میں احتجاج کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد ضرور جائیں گے اور جہاں انہیں روکا گیا، وہیں بیٹھ کر احتجاج کیا جائے گا۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق لانگ مارچ پُرامن احتجاج ہوگا اور تمام کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ لانگ مارچ کے دوران اپنے ساتھ ڈنڈے، غلیل یا کسی بھی قسم کا اسلحہ نہ لائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ اگر کسی شخص کے پاس غلیل یا اسلحہ پایا گیا تو پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو برقرار رکھنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں سیکیورٹی انتظامات بھی سخت کیے جا رہے ہیں۔

