سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: پاکستان میں خواتین کی سیاسی قیادت کو مضبوط بنانے کے لیے یورپی یونین کے مالی تعاون سے ایک اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کی ابھرتی ہوئی خواتین رہنماؤں کو سیاست اور عوامی زندگی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
پاکستان ویمن لیڈرز (PWL) پراجیکٹ، جو یو این ویمن (UN Women) اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کی جانب سے ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (TDEA) کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے، نے اپنے فلیگ شپ مینٹورشپ پروگرام "لیڈنگ دی فیوچر: سیاسی قیادت میں خواتین کو مینٹورشپ کے ذریعے بااختیار بنانا” کا باضابطہ افتتاح اسلام آباد میں کیا۔
اس پروگرام کے تحت ملک کے 57 اضلاع سے 1,700 سے زائد ابھرتی ہوئی خواتین رہنماؤں کو لیڈرشپ بوٹ کیمپس کے ذریعے تربیت دی جائے گی، جبکہ ان میں سے 170 خواتین کو خصوصی مینٹورشپ پروگرام کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ منتخب شرکاء کو تجربہ کار خواتین رہنماؤں کی رہنمائی، باہمی سیکھنے کے مواقع اور کمیونٹی سطح پر عملی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو این ویمن پاکستان کی ڈپٹی کنٹری نمائندہ فہمیدہ اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے جمہوری مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جس کا مقصد خواتین کو قیادت کی صلاحیتیں، اعتماد اور مضبوط پیشہ ورانہ روابط فراہم کرنا ہے تاکہ وہ فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے قائم مقام سربراہ برائے تعاون ڈاکٹر سیباسٹین لوریون نے صنفی مساوات کے فروغ کے لیے یورپی یونین کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیاست میں مساوی شرکت ایک مضبوط اور جامع جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے۔
ٹی ڈی ای اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد فیاض نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی بامعنی نمائندگی جمہوری طرز حکمرانی کے استحکام کے لیے ضروری ہے، جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل برائے جینڈر اینڈ سوشل انکلوژن نگہت صدیق نے کہا کہ منظم مینٹورشپ خواتین کی سیاسی خواہشات کو مؤثر عوامی قیادت میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تقریب کے دوران مینٹورشپ پروگرام کے لیے نامزدگیوں کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام میں نوجوان خواتین، بلدیاتی نمائندگان، سیاسی کارکنان اور سول سوسائٹی کی نمائندگان درخواست دے سکیں گی، جبکہ اقلیتوں، معذور خواتین اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
پاکستان ویمن لیڈرز (PWL) پراجیکٹ کا مقصد مینٹورشپ، صلاحیت سازی، پالیسی اصلاحات اور سیاسی جماعتوں و سول سوسائٹی کے اشتراک کے ذریعے خواتین کی سیاسی شمولیت کو فروغ دینا اور پاکستان میں زیادہ جامع اور نمائندہ جمہوری نظام کی تشکیل میں کردار ادا کرنا ہے۔
پروگرام میں اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 14 اگست مقرر کی گئی ہے لہذا بروقت اپلائی کرنے کیلئے دیئے گئے لنک پر کلک کریں : https://pakwlp.tdea.pk/apply

