بیرسٹر سیف کو پی ٹی آئی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کر دی جائے،اخونزادہ حسین

1629918_2075332_AkhwanzadaHussain_updates.webp

سیدرسول بیٹنی

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرسٹر سیف کو اپوزیشن قیادت سے متعلق بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور انہیں غیر ضروری بیان بازی سے روکا جائے۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بیرسٹر سیف کے اپوزیشن قیادت سے متعلق حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ بیرسٹر سیف کی نوکری ختم ہو چکی ہے اور اب کوئی انہیں اہمیت نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو چاہیے کہ انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کے ساتھ غیر ضروری بیانات سے باز رہنے کی ہدایت کریں۔

اخونزادہ حسین یوسفزئی نے الزام عائد کیا کہ بیرسٹر سیف اپوزیشن قیادت، خصوصاً اسد قیصر کے حوالے سے غلط بیانی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور اسی اعتماد اور ان کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی تیار کی گئی۔

اپوزیشن اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے معاملے پر سنجیدگی دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی مذاکرات اصولوں اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، نہ کہ کسی فریق کے سامنے سرنڈر کرنے کے لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حامی ہے، تاہم ایسے مذاکرات میں اصولی مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top