سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: پاکستان نے متعدی بیماریوں کی بروقت نشاندہی اور مؤثر تدارک کے لیے ملک کی پہلی قومی ویسٹ واٹر انوائرمنٹل سرویلنس (WES) حکمتِ عملی اور ڈیش بورڈ (PAK-WES Dashboard) کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ جدید نظام گندے پانی کے تجزیے کے ذریعے بیماری پھیلانے والے جراثیم کی بروقت شناخت کرکے صحتِ عامہ کے ممکنہ خطرات سے قبل ہی متعلقہ اداروں کو آگاہ کرے گا۔
یہ قومی اقدام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) کی قیادت میں آغا خان یونیورسٹی (AKU)، گیٹس فاؤنڈیشن اور ایشیا پیتھوجن جینومکس انیشی ایٹو (Asia PGI) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ملک بھر میں گندے پانی کے نمونوں کے تجزیے کے ذریعے مختلف بیماریوں کے جراثیم کی نگرانی کے لیے ایک مربوط قومی نظام قائم کیا گیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ویسٹ واٹر سرویلنس کا یہ طریقہ روایتی اسپتالوں پر مبنی نگرانی کے نظام کا مؤثر تکملہ ثابت ہوگا، کیونکہ اس کے ذریعے ان افراد سے خارج ہونے والے جراثیم کی بھی نشاندہی ممکن ہوگی جن میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ اس طرح صحت کے ادارے مریضوں کی بڑی تعداد اسپتالوں کا رخ کرنے سے پہلے ہی احتیاطی اقدامات کر سکیں گے۔
یہ پروگرام پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے لیے قائم کیے گئے وسیع ماحولیاتی نگرانی کے نظام پر استوار ہے، جسے کورونا وبا کے دوران کووڈ-19 وائرس کی نگرانی کے لیے بھی استعمال کیا گیا تھا۔
اس منصوبے کے تحت آغا خان یونیورسٹی کی انفیکشس ڈیزیز ریسرچ لیبارٹری نے کراچی کے سات اضلاع میں ایک پائلٹ مطالعہ کیا، جس میں گندے پانی کے نمونوں کو متعدد بیماری پیدا کرنے والے جراثیم کے لیے جانچا گیا۔
ابتدائی نتائج میں وبریو کولیری (Vibrio cholerae)، جو ہیضے کا سبب بنتا ہے، کے علاوہ ای کولی (E. coli)، شیگیلا (Shigella) اور نورو وائرس (Norovirus) کی موجودگی سامنے آئی۔ جدید جینیاتی سیکوینسنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے محققین نے مجموعی طور پر 596 مختلف مائیکروبیل اقسام کی شناخت بھی کی، جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
حکام نے واضح کیا کہ گندے پانی میں کسی جراثیم کی موجودگی کا مطلب بیماری کا فوری پھیلاؤ یا وبا نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایک ابتدائی انتباہی نظام ہے، جس کا مقصد متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہ کرکے پانی کے معیار کی نگرانی، بیماریوں کی مؤثر نگرانی اور ضرورت کے مطابق ویکسینیشن سمیت احتیاطی اقدامات کو بہتر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق PAK-WES ڈیش بورڈ نقشوں پر مبنی قریباً حقیقی وقت (Near Real-Time) میں دستیاب معلومات، صحت عامہ سے متعلق انتباہات اور ماحولیاتی، طبی اور ویٹرنری ڈیٹا کو پاکستان کے ون ہیلتھ (One Health) فریم ورک کے تحت یکجا کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں، بشمول عالمی ادارۂ صحت (WHO)، کے تعاون سے شروع کیا گیا یہ نظام پاکستان کی متعدی بیماریوں کی بروقت تشخیص، نگرانی اور مؤثر ردِعمل کی صلاحیت کو نمایاں طور پر مضبوط بنائے گا۔

