ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے تربیت یافتہ ٹور گائیڈز ناگزیر ہیں،محی الدین احمد

تسسس.png

سیدرسول بیٹنی

اسلام آباد: پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (COTHM)، پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز (PATO)، سسٹین ایبل ٹورازم فاؤنڈیشن پاکستان (STFP) اور الپائن کلب آف پاکستان (ACP) کے اشتراک سے منعقدہ قومی ٹور گائیڈ تربیتی پروگرام 2026 کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اختتامی تقریب پی ٹی ڈی سی ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

دو ہفتوں پر مشتمل اس تربیتی پروگرام میں شرکاء کو پیشہ ورانہ ٹور گائیڈنگ کے حوالے سے تھیوریٹیکل اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔ ماہرین سیاحت اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے سیاحتی جغرافیہ، ٹور گائیڈنگ کے اخلاقی اصول، مؤثر ابلاغ، تشریحی مہارت، کسٹمر سروس، پائیدار سیاحت، ابتدائی طبی امداد، سفری منصوبہ بندی اور ٹور مینجمنٹ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی لیکچرز دیے۔

 شرکاء نے عملی تربیت کے دوران ٹیکسلا کے تاریخی و آثارِ قدیمہ کے مقامات  ٹیکسلا میوزیم، سرکپ، موہڑہ مرادو، جولیاں اور دھرم راجیکا شامل کا مطالعاتی دورہ کیا۔ بعد ازاں پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (TDCP) کے تعاون سے اسلام آباد سٹی ٹور کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء نے ڈبل ڈیکر سیاحتی بس کے ذریعے پاکستان مونومنٹ، لوک ورثہ میوزیم، پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری، فیصل مسجد، اسلام آباد میوزیم اور گولڑہ ریلوے میوزیم کا دورہ کیا اور عملی طور پر سیاحتی رہنمائی کے طریقہ کار سے آگاہی حاصل کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے تربیت یافتہ، باصلاحیت اور پیشہ ور ٹور گائیڈز ناگزیر ہیں۔ انہوں نے پی ٹی ڈی سی اور شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وزارت سیاحت کے شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے تربیت مکمل کرنے والے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹور گائیڈز پاکستان کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں، جو ملکی ثقافت، تاریخ اور قدرتی حسن کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی نے اپنے شراکت دار اداروں کے تعاون سے ملک بھر میں دو ہزار مستند اور پیشہ ور ٹور گائیڈز تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ سیاحت کے شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

تقریب کے دوران کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ تربیتی پروگرام میں خدمات انجام دینے والے ماہرین، انسٹرکٹرز اور ریسورس پرسنز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

پی ٹی ڈی سی نے پروگرام کی کامیابی میں تعاون پر کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ، پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز، سسٹین ایبل ٹورازم فاؤنڈیشن پاکستان، الپائن کلب آف پاکستان، پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، ریسکیو 1122 اور دیگر تمام شراکت دار اداروں اور ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top