سیدرسول بیٹنی
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے مون سون سیزن کے دوران سیاحوں کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سیاحت کو یقینی بنانے کے لیے ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف سیاحتی مقامات پر خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ مہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال کی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان مہمند کی نگرانی میں شروع کی گئی ہے۔
ٹورازم اتھارٹی کے مطابق افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں چکدرہ، سوات، کالام، بابِ سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، کیلاش اور دیگر اہم سیاحتی مقامات پر موجود ہیں، جہاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں میں آگاہی بروشرز اور پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ان میں محفوظ سفر، ذمہ دارانہ سیاحت، ممکنہ خطرات سے بچاؤ، ہنگامی رابطہ نمبرز اور دیگر ضروری احتیاطی تدابیر درج ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان مہمند نے کہا کہ مون سون کے پیش نظر ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں دریا، ندی نالوں اور دیگر حساس مقامات سے دور رہنے کے حوالے سے خصوصی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ فیلڈ ٹیمیں مختلف سیاحتی مقامات پر مسلسل موجود ہیں تاکہ سیاحوں کو بروقت رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی سیاحتی مقام کا رخ کرنے سے قبل موسمی صورتحال اور حفاظتی ہدایات سے آگاہی حاصل کریں اور ضرورت پڑنے پر ٹورازم ہیلپ لائن 1422 یا صوبائی حکومت کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 پر 24 گھنٹے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے سیاحتی مقامات پر آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہتی ہے اور ان کے محفوظ، پُرسکون اور خوشگوار سفر کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
ٹورازم اتھارٹی کے مطابق آگاہی مہم کا مقصد سیاحوں میں ذمہ دارانہ طرزِ سفر کو فروغ دینا، قدرتی آفات اور حادثات کے خطرات سے آگاہ کرنا اور ہنگامی صورتحال میں فوری رابطے اور امدادی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

