سب ڈویژن بیٹنی میں عوامی مسائل کےحل کیلئے اقدامات کررہے ہیں،حمید اللہ خان

ددد.png

سیدرسول بیٹنی

پشاور: ڈپٹی کمشنر لکی مروت حمید اللہ خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نزیر خان اور کمانڈر 55 بریگیڈ بریگیڈیئر حیدر علی نے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ سب ڈویژن بیٹنی کے دور افتادہ اور سرحدی علاقوں شادی خیل، مدی خیل، گز گوبہ اور مستی خیل کا مشترکہ اور تفصیلی دورہ کیا۔

علاقے کے مشران، عمائدین اور مقامی عوام نے اعلیٰ حکام کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں علاقے کے مسائل، ضروریات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ یہ دورہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ سروس ڈلیوری (DSD) اور PMRU پروگرام کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد عوام تک حکومتی خدمات کی براہ راست فراہمی، انتظامی رسائی کو مؤثر بنانا اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔

دورے کے دوران وفد نے علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری سکیورٹی اقدامات اور عوامی تحفظ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس اور بدرگہ فورس کی مختلف سکیورٹی چیک پوسٹوں کا معائنہ بھی کیا گیا، جہاں متعلقہ حکام کو سکیورٹی مزید مربوط، فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

وفد نے سرکاری سکولوں، ہسپتالوں، تحصیل آفس اور دیگر عوامی سہولیات کا بھی دورہ کیا، جہاں بنیادی سہولیات، سروس ڈلیوری اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر افسران نے مقامی شہریوں، نوجوانوں اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل و تجاویز کو بغور سنا۔

دورے کے دوران مستی خیل اور شادی خیل میں کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جن میں علاقے کے مشران، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پانی کی قلت، صحت و تعلیم کی ناکافی سہولیات، تجوڑی۔شادی خیل روڈ کی تعمیر و مرمت اور دیگر اہم عوامی مسائل اجاگر کیے۔

ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور کمانڈر 55 بریگیڈ نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ متعدد معاملات پر موقع پر ہی متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیے گئے جبکہ بعض امور پر فوری عملدرآمد بھی شروع کروا دیا گیا۔

بعد ازاں مستی خیل میں فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف علاقوں سے 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور کمانڈر 55 بریگیڈ نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے فاتح ٹیم کے لیے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں، جو صحت مند معاشرے کے قیام، انتہا پسندی کے خاتمے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے علاقے میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، جبکہ عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

علاقہ مکینوں، قبائلی عمائدین اور نوجوانوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے اسے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی خدمت کے وژن اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات کے مطابق عوام تک خدمات کی مؤثر رسائی، فلاح و بہبود اور خدمت خلق کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top