سیدرسول بیٹنی
پشاور: معروف صحافی، خیبر نیوز کی اینکر پرسن اور سماجی کارکن عروج خان کو پشاور میں باچا خان مرکز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آل پاکستان طاہر کلاچوی علمی و ادبی ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ یہ ایوارڈ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے شرکاء میں تقسیم کیے۔
عروج خان، جن کا تعلق چارسدہ سے ہے، اس باوقار ایوارڈ کو حاصل کرنے والی صحافی برادری کی پہلی خاتون بن گئی ہیں، جسے ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ ایوارڈ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ عروج خان اپنی جرات مندانہ رپورٹنگ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ خیبر نیوز پر ان کی خدمات کو خاص طور پر سراہا گیا ہے، جہاں وہ سماجی مسائل کو اجاگر کرنے اور عوام کی آواز بلند کرنے میں پیش پیش رہی ہیں۔
چارسدہ جیسے نسبتاً پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود، انہوں نے قومی سطح پر اپنی شناخت قائم کی اور اپنی مسلسل محنت اور دیانتدارانہ صحافت کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔
اپنے صحافتی کیریئر کے ساتھ ساتھ عروج خان سماجی فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں اور مختلف عوامی منصوبوں میں فعال کردار ادا کیا ہے۔
تقریب میں صحافتی برادری اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور عروج خان کی اس کامیابی کو نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے چارسدہ کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
شرکاء اور مقامی رہنماؤں نے عروج خان کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی یہ کامیابی مزید خواتین کو صحافت کے میدان میں آنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گی۔

