خیبرپختونخوا میں بدامنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

670011322_17932611477252722_961877879264494276_n-e1776797984628.jpg

سیدرسول بیٹنی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورننس کی ابتر صورتحال اور بدامنی معاشی بدحالی اور ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن چکی ہے، جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں ماہر تعلیم اور دانشور حسین شہید سہروردی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، قومی و بین الاقوامی امور، سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابیوں، صوبے میں امن و امان اور تعلیمی شعبے سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی ولولہ انگیز قیادت میں دفاعی، سفارتی اور عوامی محاذ پر پاکستان کو تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جو پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، مضبوط قیادت اور مؤثر پالیسیوں کے باعث پاکستان عالمی سطح پر اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امن و امان کا قیام، بہتر حکمرانی اور ترقیاتی عمل کا تسلسل انتہائی ضروری ہے تاکہ صوبہ معاشی استحکام کی جانب گامزن ہو سکے۔

ملاقات میں صوبے میں تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، فنی تربیت کے مواقع بڑھانے اور علمی ماحول کو بہتر بنانے سے متعلق متعدد تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر حسین شہید سہروردی نے صوبے کے مثبت اور سافٹ امیج کو اجاگر کرنے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں مشاورتی عمل میں شامل کرنے جیسے اقدامات پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں کی شمولیت، بہتر حکمرانی اور تعلیمی اصلاحات کے ذریعے خیبرپختونخوا ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top