سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: پاکستان سائنس فاؤنڈیشن (پی ایس ایف) نے ایشین سائنس کیمپ 2026 میں شرکت کے لیے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جبکہ ملک بھر میں طلبہ اور نوجوانوں میں سائنس و ٹیکنالوجی سے دلچسپی بڑھانے کے لیے سائنس کلبز کے قیام کا بھی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایشین سائنس کیمپ 2026 کا انعقاد 2 اگست سے 8 اگست 2026 تک یونیورسٹی آف ہانگ کانگ میں ہوگا، جس میں شرکت کے لیے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیے جانے والے پانچ طلبہ کے اخراجات برداشت کرے گی۔
ایشین سائنس کیمپ ایک سالانہ بین الاقوامی پروگرام ہے جہاں مختلف ممالک کے طلبہ ممتاز سائنس دانوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرتے ہیں، سائنسی مباحثوں میں حصہ لیتے ہیں اور سائنسی تجربات و مظاہرے پیش کرتے ہیں۔
پروگرام کے دوران صنعتی مراکز، تحقیقی اداروں، سائنسی تنظیموں، لیبارٹریوں اور جامعات کے مطالعاتی دورے بھی کرائے جاتے ہیں۔ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نوجوانوں میں سائنسی شعور اجاگر کرنے کے لیے ہر سال پاکستانی طلبہ کی اس کیمپ میں شرکت کو سپانسر کرتی ہے۔
درخواستیں 31 جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ 17 سے 22 سال عمر کے ایسے طلبہ و طالبات درخواست دینے کے اہل ہیں جو باقاعدہ طور پر سائنس کے طالب علم ہوں۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کے علاوہ یونیورسٹی کے پہلے یا دوسرے سمسٹر میں زیر تعلیم سرکاری یا نجی اداروں کے طلبہ بھی عمر کی شرط پوری ہونے پر درخواست دے سکتے ہیں۔
امیدواروں کے لیے طبیعیات، کیمیا، حیاتیات اور ریاضی میں مضبوط تعلیمی پس منظر ضروری قرار دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل دو مراحل پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں شارٹ لسٹ امیدواروں کا تحریری امتحان اسلام آباد، لاہور، ملتان، کراچی، سکھر، کوئٹہ اور پشاور میں لیا جائے گا۔
کامیاب امیدواروں کو بعد ازاں اسلام آباد میں حتمی انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ ماہرین پر مشتمل پینل میرٹ کی بنیاد پر پانچ طلبہ کا انتخاب کرے گا اور اس کا فیصلہ حتمی ہوگا۔
تحریری امتحان یا انٹرویو میں شرکت کے لیے سفری یا یومیہ الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔ درخواست فارم پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ www.psf.gov.pk سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مکمل شدہ درخواستیں ہارڈ کاپی کی صورت میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن، 1 کانسٹی ٹیوشن ایونیو، جی-5/2، اسلام آباد-44000 ارسال کی جائیں، جبکہ لفافے پر واضح طور پر “ASC-2026 Competition” درج ہونا چاہیے۔
نامکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 اپریل تھی جسے بڑھا کر 25 اپریل کر دیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے spsectionpsf@gmail.com پر ای میل یا 0519203186 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

