پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کرک میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریش پشاور یونیورسٹی کے فعال کارکن اور شعبہ فارمیسی کے طالب علم بابر عدیل خٹک کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ بابر عدیل خٹک کا بے رحمانہ قتل ایک انتہائی اندوہناک اور انسانیت سوز سانحہ ہے۔ ایک نہتے طالب علم کو اس بے دردی سے قتل کرنا انتہائی افسوسناک ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایک ہونہار طالب علم کا یوں جدا ہوجانا صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا نقصان ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کب تک ہمارے نوجوان اور بزرگ نامعلوم افراد کے ہاتھوں اس طرح قتل ہوتے رہیں گے؟ یہ نامعلوم افراد کہاں سے آتے ہیں اور کارروائی کرنے کے بعد کہاں غائب ہوجاتے ہیں؟ عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے، بدقسمتی سے موجودہ حکمران اس ذمہ داری میں پوری طرح سے ناکام ہیں۔ عوام سنیچرز، ٹارگٹ کلرز اور شرپسندوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور عوام کو تحفظ فراہم کرے۔
صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے اس افسوسناک واقعے کی فوری تحقیقات کرے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر نشان عبرت بنایا جائے۔
سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی دکھ کی اس مشکل میں بابر عدیل خٹک کے خاندان کے ساتھ شریک ہے۔ ہم اس عظیم سانحے پر انکے والدین اور تمام اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

