عاصمہ جہانگیر کانفرنس2026 : 7 اور 8 فروری کو لاہور میں منعقد ہوگی

FB_IMG_1770313226349-860x1216-1.jpg

سیدرسول بیٹنی

لاہور:عاصمہ جہانگیر لیگل ایڈ سیل (AGHS) کے زیر اہتمام چھٹی عاصمہ جہانگیر کانفرنس 7 اور 8 فروری 2026 کو فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منعقد ہوگی، کانفرنس کا عنوان ’’بنیادی حقوق کا زوال اور سرحدوں پار مزاحمت‘‘ رکھا گیا ہے۔ کانفرنس کا انعقاد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد انسانی حقوق اور جمہوری آزادیوں کو درپیش چیلنجز پر کھلے اور غیر سنسر شدہ ماحول میں تعمیری مکالمہ کو فروغ دینا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزرا، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، بین الاقوامی ماہرین قانون، صحافی اور اقوام متحدہ کے اسپیشل پروسیجرز کے نمائندگان شرکت کریں گے، جبکہ پاکستان اور جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات بھی خطاب کریں گی۔

دو روزہ کانفرنس میں تقریباً 18 سیشنز منعقد ہوں گے جن میں 120 سے زائد مقررین شرکت کریں گے۔ شرکاء میں ہائی کورٹس کے سینئر ججز، قانونی ماہرین،بین الاقوامی قانون دان، صحافی، میڈیا نمائندگان اور انسانی حقوق کے کارکن شامل ہوں گے۔ ملک بھر سے 150 سے زائد خواتین وکلا بھی اس اہم اجتماع میں شریک ہوں گی۔

کانفرنس کے اہم موضوعات میں آزادی اظہارِ رائے، صنفی امتیاز، کمزور اور محروم طبقات کے حقوق، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں، موسمیاتی تبدیلی، اور منصفانہ ٹرائل کا حق شامل ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں جنوبی ایشیا بالخصوص پاکستان کو جمہوری اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، اور یہ کانفرنس اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ AGHS، جس کی بنیاد معروف انسانی حقوق کی علمبردار مرحومہ عاصمہ جہانگیر نے رکھی تھی، پاکستان کی پہلی خواتین کی قائم کردہ لاء فرم ہے جو خواتین، بچوں، قیدیوں، مذہبی اقلیتوں اور دیگر محروم طبقات کو مفت قانونی معاونت فراہم کرتی ہے۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس کو ملک کا سب سے بڑا انسانی حقوق اور قانونی اجتماع تصور کیا جاتا ہے، اور رواں سال بھی توقع ہے کہ یہ پلیٹ فارم جمہوری حقوق کے تحفظ اور انصاف کے فروغ کے لیے مؤثر سفارشات پیش کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top