سیدرسول بیٹنی
مردان: مسلم لیگ (ن) ضلع مردان کے سینیئر نائب صدر پرویز عادل نے کہا ہے کہ ضلع مردان کو مسلم لیگ (ن) کا مضبوط گڑھ بنایا جائے گا اور پارٹی قیادت کا پیغام گھر گھر تک پہنچایا جائے گا۔
دی پشاور پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہی کی محنت اور رابطہ مہم کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں تنظیم سازی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے تاکہ پارٹی کو گراس روٹ لیول تک فعال کیا جا سکے۔
پرویز عادل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ادوار میں ملک نے ہمیشہ ترقی کی منازل طے کی ہیں اور قومی معیشت کو مستحکم کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے انفراسٹرکچر، روزگار اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی، جس کے مثبت اثرات عوام نے براہِ راست محسوس کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو تجربہ کار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے اور مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور پارٹی پیغام عام کریں۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں ضلع مردان سے مسلم لیگ (ن) کو بڑی کامیابی دلائی جائے گی۔

