سید رسول بیٹنی
اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پیپس) اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے جمعرات کو اپنے پہلے باقاعدہ مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے جس کا مقصد پیپس کے ملازمین کے لیے میڈیکل سہولیات کم قیمت پر فراہم کرنا اور صحت کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمت نامے پر پیپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عاصم خان گورایا اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈائریکٹر آپریشنز مالک محمد عزیر نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی میں دستخط کیے۔
ایم او یو کے تحت پیپس کے ملازمین اور متعلقہ عملہ کم قیمت پر مختلف میڈیکل سہولیات اور صحت کی خدمات تک رسائی حاصل کریں گے۔
اس معاہدے کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور صحت کے شعبے میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے لیے ایک منظم فریم ورک قائم کرنا ہے۔
دونوں طرف کے حکام نے اس شراکت داری کو پیپس کے عملے کے لیے معیاری صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے اس اقدام کو ملازمین کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور صحت کے شعبے میں طویل المدتی تعاون کے عزم کی عکاسی قرار دیا۔
پیپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عاصم خان گورایا نے ایم او یو کو دونوں اداروں کے درمیان باقاعدہ تعاون کے آغاز کا عندیہ قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کیا کہ یہ صحت کے شعبے میں مزید اقدامات اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے راہ ہموار کرے گا۔
دونوں اداروں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ شراکت داری خدمات کی فراہمی میں مثبت کردار ادا کرے گی اور مستقبل میں اس طرح کے تعاون کے لیے ایک مثال قائم کرے گی۔

