سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی آر ایس) اسلام آباد نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ ریجنل اسٹڈیز (آئی ایس آر ایس)،تاشقند کے اشتراک سے ماہرین کی ایک آن لائن کانفرنس بعنوان “پاکستان اور ازبکستان: بدلتی عالمی صورتحال میں اسٹریٹجک شراکت داری، رابطہ کاری اور پائیدار ترقی” کا انعقاد کیا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ پالیسی سازوں، سفارت کاروں اور ماہرین نے شرکت کی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر غور کیا گیا۔
یہ کانفرنس ازبک صدر شوکت مرزایوف کے فروری 2026 کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے تاریخی دورے سے قبل منعقد کی گئی، جو پاکستان–ازبکستان تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیش رفت کی عکاس ہے۔
کانفرنس کے آغاز میں ازبکستان کے صدر کے تحت ادارہ برائے اسٹریٹجک و بین العلاقائی مطالعات کے ڈائریکٹر ایلدر اریپوف، انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اسلام آباد کے صدر سفیر جوہر سلیم،پاکستان میں ازبکستان کے سفیر الیشر تُختائیف اور ازبکستان میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔مقررین نے بدلتی عالمی صورتحال میں اسٹریٹجک شراکت داری اور علاقائی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
سیاسی مکالمے اور سلامتی کے امور پر مبنی افتتاحی سیشن کی نظامت آئی ایس آر ایس کے ڈپٹی ڈائریکٹر بختیار مصطفیٰیف نے کی، جس میں یونیورسٹی آف ورلڈ اکانومی اینڈ ڈپلومیسی کے اکرم عمرُوف اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے صدر محمد عامر رانا نے شرکت کی۔سیشن میں علاقائی سلامتی، سرحد پار چیلنجز اور بدلتے جیوپولیٹیکل حالات میں سیاسی ہم آہنگی پر گفتگو کی گئی۔
اقتصادی اور صنعتی تعاون سے متعلق دوسرے سیشن میں ازبکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف میکرو اکنامک اینڈ ریجنل اسٹڈیز کی نودیرہ عبدالنظارووا اور پاکستان کے سابق وزیرِ مملکت و چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ ہارون شریف نے اظہار خیال کیا۔
مقررین نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری روابط کے امکانات کو اجاگر کیا۔
ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس رابطہ کاری کے سیشن کی نظامت حمزہ رفعت نے کی، جس میں علاقائی ٹرانسپورٹ راہداریوں اور لاجسٹکس انضمام پر گفتگو ہوئی، جبکہ آخری سیشن میں انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور تعلیمی تبادلوں کو پائیدار شراکت داری کی بنیاد قرار دیا گیا۔
کانفرنس کے اختتام پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک، اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

