سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عملدرآمد کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انجینئر امیر مقام نے یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران شبیر احمد عثمانی، سیکریٹری امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران ظفر حسن، چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان اور ایڈیشنل سیکریٹری کامران رحمان خان نے شرکت کی۔
متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران نے اجلاس کو اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ چیف سیکریٹری آزاد کشمیر نے عملدرآمد کے عمل سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
اجلاس میں وزارت امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، آزاد کشمیر حکومت کے اعلیٰ حکام کے علاوہ سول ایوی ایشن، قومی صحت، پلاننگ کمیشن، مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاور ڈویژن، آبی وسائل اور وفاقی وزارت تعلیم کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

