سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: اسلام آباد فل میراتھن اتوار کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں پاکستان کے شیر خان اور قازقستان کی سالاتانت سیمپینا نے بالترتیب مردوں اور خواتین کی فل میراتھن کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس بڑے اسپورٹس ایونٹ میں دنیا بھر سے ہزاروں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
مردوں کی فل میراتھن میں شیر خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اسراڑ خٹک دوسرے اور سجاد احمد تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی فل میراتھن میں قازقستان کی سالاتانت سیمپینا نے کامیابی حاصل کی، اٹلی کی ماریا پیا دوسرے اور پاکستان کی عائشہ مستر بٹ تیسرے نمبر پر رہیں۔
مردوں کی ہاف میراتھن میں محمد سلیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ شہباز مسیح دوسرے اور محمد عرفان تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی ہاف میراتھن میں پاکستان کی سعدیہ مقبول نے کامیابی حاصل کی، جبکہ امریکہ کی الزبتھ ہائز دوسرے اور اسپین کی مارٹا پیڈیلا تیسرے نمبر پر رہیں۔
10 کلومیٹر مردوں کے مقابلے میں محمد ریاض نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ عتیق الرحمٰن دوسرے اور عمر زمان تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ میں ماہ نور افضل نے پہلی پوزیشن حاصل کی، عائشہ مریم دوسرے اور طوبیٰ رانی تیسرے نمبر پر رہیں۔
5 کلومیٹر مردوں کے مقابلے میں محمد اختر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، سمیع اللہ دوسرے جبکہ محمد ابراہیم سمی تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی 5 کلومیٹر دوڑ میں ارم شہزادی نے کامیابی حاصل کی، بسما بتول دوسرے جبکہ جرمنی کی سڈنی تیسرے نمبر پر رہیں۔
اسلام آباد میراتھن کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز صبح 8 بجے ایف-9 پارک سے ہوا۔ میراتھن کا روٹ جناح ایونیو اور ڈی چوک سے گزرتا ہوا دوبارہ ایف-9 پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ ایونٹ میں 42.2 کلومیٹر فل میراتھن، 21.1 کلومیٹر ہاف میراتھن، 15 کلومیٹر، 10 کلومیٹر، 5 کلومیٹر اور بچوں کے لیے خصوصی فن رن شامل تھی۔
منتظمین کے مطابق اس سال میراتھن میں 6 ہزار سے زائد شرکاء نے حصہ لیا، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، جبکہ 30 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس نے بھی شرکت کی۔ سفارتی برادری کے ارکان، غیر ملکی کھلاڑی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس ایونٹ کا حصہ بنے۔
اسلام آباد رن کلب کے چیف ایگزیکٹو اور میراتھن کے میزبان قاسم ناز نے کہا کہ اسلام آباد میں دوڑ کے کلچر کو فروغ دینے کا آغاز 2016 میں کیا گیا، جبکہ دارالحکومت میں پہلی فل میراتھن 2026 میں منعقد ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ میراتھن اسلام آباد کی بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرکاء کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر 2.5 کلومیٹر کے فاصلے پر پانی اور طبی امداد کے مراکز قائم کیے گئے تھے۔ میراتھن کا انعقاد اسلام آباد ضلعی انتظامیہ، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد پولیس اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے کیا گیا۔
قاسم نازنے مزید بتایا کہ اسلام آباد رن کلب کو 2016 میں قائم کیا گیا جو کہ پاکستان میں دوڑ اور فٹنس کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اب تک ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد رننگ اور فٹنس ایونٹس کا کامیاب انعقاد کر چکا ہے۔ منتظمین کے مطابق اسلام آباد میراتھن محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ صحت، اتحاد، نظم و ضبط اور کمیونٹی اسپرٹ کا جشن ہے، جس کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور اسلام آباد کو ایک متحرک اور خوش آمدید کہنے والے عالمی شہر کے طور پر اجاگر کرنا ہے۔

