تھیٹر کو فروغ دینے کیلئے پی این سی اے میں سہ روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

47ccffa9-2748-4db8-9d9a-12e61901f172-e1768535316626.jpg

سیدرسول بیٹنی

اسلام آباد: معاشرے میں برداشت کو فروغ دینے اور شہری مسائل کو تھیٹر کے ذریعے اٗجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کیلئے تین روزہ تھیٹر ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا، جس میں تھیٹر سے شغف رکھنے والے 27 خواتین و حضرات اور پروفیشنل تھیٹر پریکٹیشنرز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کی نگرانی معروف تھیٹر ایکسپرٹ اور آرٹس ایجوکیٹر ڈاکٹر محمد وقار عظیم نے کی۔

ورکشاپ کے دوران اداکاری اور تھیٹر سے متعلق تقریباً تمام بنیادی اور تکنیکی پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ پہلے روز فن اور تھیٹر کی ارتقاء، اداکاری کی تاریخ اور انسانی رویّوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ جسمانی حرکات، باڈی لینگویج، فیشل ایکسپریشنز اور قدرتی ردِعمل پر عملی مشقیں کروائی گئیں۔

دوسرے روز آواز (وائس) پر جامع سیشن منعقد ہوا، جس میں آواز کی پیدائش، درست استعمال، ادائیگی، پروجیکشن اور اسٹیج، ڈرامہ، فلم اور ریڈیو میں آواز کے فرق کو عملی انداز میں سمجھایا گیا۔ تیسرے اور آخری دن تخیل (امیجینیشن)، ہدایت کاری اور پروڈکشن کے بنیادی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ کس طرح ایک خیال تخیل سے حقیقت کا روپ دھارتا ہے۔

ورکشاپ کے اختتام پر سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سینئر تھیٹر اور فلم پروڈیوسر عاصمہ بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پی این سی اے کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی ایسی تربیتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پرفارمنگ آرٹس جناب سمیع اللہ بلوچ نے بامعنی انداز میں ایک نظم پیش کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جناب ایوب جمالی نے تمام شرکا اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ورکشاپ میں شریک شرکا میں ایمان آصف خانزادہ، عادل مسعود علوی، مصعب عمیر، عمران مسعود، انوشے مبین، کامران طارق، طاہر محمود، سارہ حنیف، سید عمر گردیزی، زوبیہ ناصر، محمد حذیفہ اقبال، فوزیہ عاشق زاہد، حسین سلمان، ولیم جان پرویز، شازیہ ادیب، ریحانہ، زبیر سرحدی، عبدالرحمان، عارف مسیح، صبیحہ رحمان، محمد علی راجہ، محمد احمر بٹ، راجہ نبیل، آمنہ ایچ ایم، عائشہ ظفر اور ارشد منہاس شامل تھے۔

ورکشاپ کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شریکِ ورکشاپ سید عمر گردیزی نے کہا کہ ڈاکٹر وقار عظیم کی رہنمائی میں یہ ورکشاپ ایک قیمتی، یادگار اور متاثرکن تجربہ ثابت ہوئی، جس نے اداکاری اور تھیٹر کو محض تفریح کے بجائے انسانی ارتقا، سماجی شعور اور تخلیقی اظہار سے جوڑ کر سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ ان کے مطابق تین دنوں میں سیکھنے، سوچ کے پھیلاؤ اور آگاہی کا جو عمل ہوا، وہ اس ورکشاپ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top