قائداعظم بزنس پارک کو بجلی کی فراہمی سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا،الطاف حسین

sojail.png

سیدرسول بیٹنی

لاہور:نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے شیخوپورہ میں قائم خصوصی اقتصادی زون کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ اسٹیشن کو کامیابی سے انرجائز کر دیا ہے، جس سے صنعتی شعبے کو قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

این جی سی کے مطابق، یہ گرڈ اسٹیشن حکومتِ پاکستان کے کیش ڈپازٹ لون کے تحت 4 ارب روپے سے زائد لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد خصوصی اقتصادی زون میں قائم بڑے صنعتی صارفین، کاروباری اداروں اور مستقبل کی صنعتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی مستحکم اور مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے گرڈ اسٹیشن کی تکمیل پر پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک گرڈ اسٹیشن کو طویل مدتی صنعتی توسیع اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی سرگرمیوں کے استحکام اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

این جی سی کے مطابق، گرڈ اسٹیشن کی 220/132 کے وی سطح پر ٹرانسفارمیشن کیپسٹی 500 ایم وی اے ہے، جسے تقریباً 4 کلومیٹر طویل 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز کے ذریعے قریبی گرڈ اسٹیشنز سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف سسٹم کی مجموعی استحکام میں اضافہ ہوگا بلکہ وولٹیج پروفائل بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ بھاری صنعتی اور مستقبل کی بجلی کی طلب بھی پوری کی جا سکے گی۔

یہ خصوصی اقتصادی زون کے لیے مخصوص پہلا گرڈ اسٹیشن ہے، جس کے قیام سے شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو، بندالہ (فیصل آباد) اور دیگر صنعتی علاقوں سے منسلک گرڈ اسٹیشنز پر پڑنے والا بوجھ بھی کم ہو جائے گا۔

ماہرین کے مطابق، بجلی کی بہتر فراہمی اور لائن لاسز میں کمی سے صنعتی صارفین کو زیادہ قابلِ اعتماد سپلائی میسر آئے گی، جس کے نتیجے میں لوڈشیڈنگ میں کمی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور پیداواری لاگت میں کمی متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، سپلائی چین کی مضبوطی اور وسیع تر سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

یہ منصوبہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو اور جنرل منیجر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ انجینئر محمد شاہد نذیر کی قیادت میں مکمل کیا گیا، جبکہ پراجیکٹ ٹیم میں چیف انجینئر انجینئر اصغر مجتبیٰ خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر محمد عثمان وڑائچ اور دیگر افسران شامل تھے۔

واضح رہے کہ نیشنل گرڈ کمپنی نے گزشتہ ماہ 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کو بھی کامیابی سے انرجائز کیا تھا۔ ان منصوبوں کی تکمیل این جی سی کے قومی گرڈ کو مضبوط بنانے، صنعتی ترقی کے فروغ اور بڑھتی ہوئی علاقائی بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top