انتہاپسندی معاشرتی امن اور انسانی اقدار کیلئے ایک چیلنج ہے،سپیکر احمد خان

96190152-8903-413b-96d8-e0b04e7e817b.jpg

ربیہ ارشد ترکمان

لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ انتہاپسندی معاشرتی امن،قومی استحکام اور انسانی اقدار کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے، جس کے تدارک کے لیے ریاستی اداروں، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ، مربوط اور مستقل کردار ادا کرنا ہوگا۔پائیدار امن کے قیام کے لیے شواہد پر مبنی، جامع اور طویل المدتی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے "پنجاب سنٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (CoE-CVE)”کے زیرِ اہتمام منعقدہ اسٹریٹجک پلاننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ جب ریاست اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کرتی تو شدت پسند عناصر پیدا ہونے والے خلا سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ نصابِ تعلیم میں انتہاپسندی کے انسداد، برداشت، رواداری اور آئینی شعور سے متعلق مضامین کی شمولیت ناگزیر ہے تاکہ بچوں اور نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت مثبت خطوط پر استوار کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدارس، نوجوانوں، علماء، میڈیا اور دیگر سماجی طبقات کی بامعنی شمولیت کے بغیر انتہاپسندی کے خاتمے کی کوششیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتیں۔ قومی بیانیے کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور ادارہ جاتی تعاون کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین مؤثر رابطہ اور اشتراکِ عمل ضروری ہے۔

ورکشاپ کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ردِعمل پر مبنی اقدامات کے بجائے انسدادی حکمتِ عملی، سماجی ہم آہنگی اور ڈی ریڈیکلائزیشن پر مبنی پالیسی اپنائی جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top