سیدرسول بیٹنی
پشاور:یونیورسٹی آف پشاور کے بزنس انکیوبیشن سینٹر میں یونیسف سوشل اینڈ بیہیوئر چینج (SBC) سوشل ایکشن پروجیکٹ (SAP) کی شوکیسنگ اور گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں معزز مہمانوں، فیکلٹی ممبرز، یونیسف نمائندگان اور ایس اے پی گروپس کے طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ریڈیک، سی ایف او یونیسف خیبر پختونخوا تھے، جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ دیگر اہم شرکا میں ڈاکٹر اکرام اللہ (ڈائریکٹر ریوییمپ، محکمہ صحت،پختونخوا)، ڈاکٹر سجاد احمد جان (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف اکنامکس)، پروفیسر ڈاکٹر بشارت حسین (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف کرمنولوجی)،سہیل خان (ایس بی سی آفیسر یونیسف)، عباس خان (ایس بی سی کنسلٹنٹ یونیسف) اور ڈاکٹر محمد ابرار (اسسٹنٹ پروفیسر، کرمنولوجی اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس سوسائٹیز، یونیورسٹی آف پشاور) شامل تھے۔
تقریب کے دوران سوشل ایکشن پروجیکٹ ٹیموں نے اپنی سرگرمیوں اور منصوبوں کی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ جیتنے والی ٹیموں کا انتخاب ان کی SAP سرگرمیوں اور پریزنٹیشنز کی بنیاد پر کیا گیا۔ یونیسف کے نمائندوں نے طلبہ کی کارکردگی، تخلیقی صلاحیت اور سماجی خدمات کے جذبے کو سراہا۔
کامیاب ٹیموں کو شیلڈز سے نوازا گیا جبکہ تمام شریک طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا اختتام مہمانوں اور یونیسف نمائندگان میں شیلڈز کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔

