پختونخوا حکومت:صحافیوں کو ہرجانے کے نوٹسز،آزادی صحافت پر حملہ ہے،قمر یوسفزئی

WhatsApp-Image-2025-09-20-at-2.07.00-PM.jpeg

اسلام آباد:پختون جرنلسٹ ایسوسی ایشن (پی جے اے) کے صدر قمر یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے صحافیوں کو ہرجانے کے نوٹسز جاری کرنا اور انکو پریشرائز کرنا،،آزادی صحافت پر سنگین حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پختون جرنلسٹ ایسوسی ایشن (PJA) خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صحافیوں کو ہرجانے کے نوٹسز بھیجنے کے عمل کی شدید مذمت کرتی ہے۔

حالیہ دنوں میں ایک کے بعد ایک صحافی کو نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں۔ ڈان نیوز کے صحافی عبداللہ مومند کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے محض ایک سوال پوچھنے پر ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے ایک ارب روپے کا ہتک عزت نوٹس بھجوا دیا۔ اسی طرح خیبر نیوز کے صحافی وسیم بازدروال کو پچاس کروڑ روپے کا نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔

یہ طرز عمل آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کھلا حملہ ہے۔ پی ٹی آئی حکومت اگر تنقید یا سوالات کا جواب نہیں دے سکتی تو صحافیوں کو دبانے کی کوشش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پی جے اے کے صدر قمر یوسفزئی اور جنرل سیکرٹری گوھر محسود نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کیا صوبائی حکومت سے سوال پوچھنا اب جرم بن چکا ہے؟ صوبائی حکومت جواب دہی کے بجائے ہٹ دھرمی اور انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے جو کہ انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت فعل ہے۔

پختون جرنلسٹ ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور تمام صحافتی تنظیمیں خیبرپختونخوا حکومت کے اس غیرجمہوری رویے کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top