ناصر کریم یوسفزئی
اسلام آباد:پیپلز مجلس، جمہوریہ مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے آج اسلام آباد میں پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پپس) کا دورہ کیا۔ وفد میں معزز اراکین پارلیمنٹ جناب حسنئی مبارک، جناب یوسف نشید، جناب عبداللہ شازیم، سیکرٹری جنرل اور پیپلز مجلس کے دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ وفد کے ہمراہ پاکستان–مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر، معزز ڈاکٹر شائستہ خان، رکن قومی اسمبلی بھی موجود تھیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پپس) عاصم خان گورایہ نے صدر بورڈ آف گورنرز پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات اور چیئرمین سینیٹ،معزز سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے وفد کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات باہمی احترام اور جمہوریت کے فروغ کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمان عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہیں اور پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات جیسے ادارے قانون سازی کی موثریت، ایگزیکٹو پر پارلیمانی نگرانی اور عوامی نمائندگی کی صلاحیت کو مزید تقویت فراہم کرتے ہیں۔
اپنے تعارفی کلمات میں عاصم گورایہ نے بتایا کہ پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات تحقیق،تربیت اور قانون سازی کی ترقی کے لیے قائم کیا گیا اور آج یہ ادارہ وفاقی اور صوبائی سطح کے اراکین پارلیمان کو خدمات فراہم کرنے والا عالمی سطح پر تسلیم شدہ مرکز بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ تجربات کے تبادلے، بہترین عملی مثالوں کے اشتراک اور مستقبل میں اچھی حکمرانی، شمولیت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (تحقیق)، جناب محمد راشدمفضول ذکا نے وفد کو ادارے کے ڈھانچے، دائرہ کار اور نمایاں کامیابیوں پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پپس) ایک اعلیٰ اختیاراتی، کثیر الجماعتی بورڈ آف گورنرز کے تحت کام کرتا ہے اور عالمی سطح پر ایک معتبر پارلیمانی مرکز کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ برطانوی پارلیمان نے گزشتہ پانچ برسوں کی شاندار خدمات کی بنیاد پر پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کو دنیا کے 183 ممالک کے مساوی اداروں میں صفِ اول میں شمار کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ادارہ اب تک 425 سے زائد تربیتی پروگرامز منعقد کرچکا ہے، 2000 سے زیادہ تحقیقی مطالعات پارلیمانی اراکین، کمیٹیوں اور کاکسز کو فراہم کرچکا ہے، اور اسپیکر قومی اسمبلی، معزز سردار ایاز صادق کے وژن کے مطابق 17 جامعات میں پارلیمانی تعلیم کے نصاب متعارف کرا چکا ہے۔2019 سے اب تک ادارہ ترکیہ، کمبوڈیا اور زیمبیا کے پارلیمانی وفود اور عملے کے لیے متعدد بین الاقوامی کانفرنسز اور تربیتی سیشنز کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں معزز رکن مجلس مالدیپ، جناب حسنئی مبارک نے، اسپیکر پیپلز مجلس معزز عبدالرحیم عبداللہ کی جانب سے، پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کی میزبانی اور علمی تبادلوں پر شکریہ ادا کیا اور اس دورے کو پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وفد کے اراکین نے پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پپس) کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ پارلیمانی تربیتی مرکز قرار دیا جو مالدیپ کی مجلس کے اراکین اور عملے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز منعقد کرسکتا ہے۔ معزز ڈاکٹر شائستہ خان، رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ادارے کے تحت منعقدہ بجٹ اور معیشت سے متعلق سیشنز نہایت سودمند ثابت ہوئے ہیں اور ہم مستقبل میں ادارے کے پلیٹ فارم پر نوجوانوں کے لیے بھی خصوصی پروگرامز منعقد کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ پاکستان–مالدیپ فرینڈشپ گروپ کے مقاصد کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پپس) عاصم خان گورایہ نے وفد کے سربراہ کو یادگاری شیلڈ اور تمام معزز مہمانوں کو ادارے کی مطبوعات کا تحفہ پیش کیا۔

