سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد:رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیرِاہتمام دوسرے سالانہ تین روزہ سیرت فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قدرتی آفات کو عذاب قرار دینے کے بجائے اسے انسانی زندگی کا چیلنج سمجھتے ہوئے اس کا حل تلاش کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال نے نوجوان نسل میں تباہی کی بنیادیں گہری کر دی ہیں ۔
سیرت فیسٹیول میں اتھارٹی کی جانب سے یوتھ کنونشن،کتاب میلے،اسلامی کیلی گرافی نمائش،محفلِ نعت اور نعتیہ مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ شہریوں نے شرکت کی۔
فیسٹیول سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز ، معروف اسکالر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین، رحمت للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم اور پروفیسر ڈاکٹر صاحب زادہ ساجد الرحمان سمیت ترکی اور مراکو کے اسکالرز نے بھی خطاب کیا۔
دو روزہ کانفرنس میں سیرت طیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق ملک اور بیرون ملک سے علماٗ اور اسکالرز نے ستر سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے ۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان دنیا میں نمایاں کردار صرف اسی بنیاد پر ادا کر سکتا ہے کہ ہم اخلاقیات کے حوالے سے ایک بہترین قوم بنیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات میں مختلف زبانیں سیکھنے، ہر شعبے میں دیانت داری سے کام کرنے اور فرقہ واریت کی نفی کر کے اتحاد و وحدت پر مبنی معاشرے کے قیام کی ہدایت ملتی ہے۔
اس موقع پر مقررین نے فیک نیوزکے بڑھتے ہوئے رجحان پر کہا کسی بھی کو آگے بڑھانے سے پہلے تحقیق کر لیں کہ آیا یہ خبر تصدیق شدہ ہے یا نہیں۔

