لاہور:نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے اپنے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) نظام کے ایک اہم جزو، فنانس ماڈیول کا کامیاب نفاذ کرتے ہوئے اپنے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر میں ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔
اس کامیابی کے حوالے سے ایک تقریب شاہین کمپلیکس، لاہور میں واقع این ٹی ڈی سی دفتر میں منعقد ہوئی جہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے فنانس ماڈیول کے لائیو نظام کا آغاز کیا جو کمپنی کے آپریشنز کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر قیصر خان اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو نے اس کامیابی پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنانس ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس ماڈیول کے استعمال کیلئے ملک بھر میں این ٹی ڈی سی ملازمین کےلئے ویڈیوز اور مینولز سمیت جامع تربیتی پروگرام تیار کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے ماڈیول سے این ٹی ڈی سی کو پیپر لیس ماحول میں منتقل کرنے میں مدد ملے گی جس سے اس کی آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
چیف فنانشل آفیسر وسیم سادات اور چیف انفارمیشن آفیسر خالد محمود نے اپنی ٹیموں اور ماڈیول استعمال کرنے والے ملازمین کے ہمراہ، فنانس ماڈیول اور ای آر پی کے نفاذ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نظام کمپنی میں شفافیت، درستگی، صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ کرے گا۔ این ٹی ڈی سی کی آئی ٹی ٹیم SAP S/4HANA پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے SAP کے مکمل نفاذ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ یہ جامع نظام ڈیجیٹل تبدیلی کےلئے این ٹی ڈی سی کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
تقریب میں این ٹی ڈی سی کے اہم افسران بشمول جنرل منیجر (ایچ آر) انجینئر سہیل ممتاز باجوہ، جنرل منیجر (میڈیا اینڈ پی آر) محمد ابراہیم، ڈی جی آئی ٹی نیٹ ورک عامر رشید، ڈی جی آئی ٹی سافٹ ویئر محمد فاروق شوکت، پراجیکٹ منیجر ذکاءاللہ، فنکشنل منیجر فنانس عاطف ریاض اور منیجر فنانس تشبیہ الحسن نے شرکت کی۔ سیمنز ایس اے پی کے وینڈر اور پی ڈبلیو سی/ پی ایم کیو اے کے نمائندے بھی اس تقریب میں شریک تھے جو باہمی تعاون پر مبنی اس کامیابی کی نشاندہی کرتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ یہ کامیاب آغاز پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن سیکٹر میں بہتر آپریشنل کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کےلئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے این ٹی ڈی سی کے عزم میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔ این ٹی ڈی سی اپنے نظام کو جدید بناتے ہوئے ملک کے پاور ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کو زیادہ موثر اور شفاف طریقے سے منظم کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔