ٹانک:صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ ٹانک کے زیر اہتمام نعت اور قرات کے ضلعی سطح کے مقابلے منعقد کئے گئے جس میں ضلع بھر کے سرکاری سکولوں، پرائیویٹ سکولز اور دینی مدارس کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقدہ قرات و نعت کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کا نام ڈویژنل سطح پر بھیجا جائے گا جبکہ بعد ازاں ڈویژنل سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے نام صوبائی سطح پر بھیجے جائیں گے۔
اس حوالے سے منعقدہ رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس میں ڈپٹی کمشنر ٹانک تنویر خان،ضلعی انتظامیہ و دیگر محکموں کے افسران، سکول ٹیچرز، سول سوسائٹی، معززین علاقہ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ٹانک نے مقابلے میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔