علینہ خان
ڈی آئی خان: کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن ظفر الاسلام نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں امن و سلامتی، بھائی چارے اوریکجہتی کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور انتظامات کے حوالے سے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان منصور ارشد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلفام عباس، سابقہ نگران صوبائی وزیر و ممبر امن کمیٹی عبد الحلیم خان قصوریہ کے علاوہ پاک فوج کے افسران، امن کمیٹی کے ممبران،اہل سنت و اہل تشیع علماء و اکابرین،میڈیا کے نمائندوں و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کمشنر ظفر الاسلام نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں امن و سلامتی، بھائی چارے اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح واپڈا کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ سے گریز کی جائے جبکہ تمام متعلقہ محکمے اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں امن کا پیغام دیتا ہے لہذا اس موقع پر ہم نے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے پلان تشکیل دیدیا گیا ہے جس پر ہر صورت مکمل عملدرآ مد کو یقینی بنائیں گے اور امن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا یہ شہر یہ ملک ہم سب کا ہے لہذا تمام شہریوں کو چاہیے کہ نہ صرف امن و امان کے قیام بلکہ امن کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق نگران صوبائی وزیر عبد الحلیم خان قصوریہ نے کہا کہ گزشتہ سال محرم الحرام کے دوران جو بھائی چارہ، یکجہتی اور یگانگت دیکھنے میں آئی وہ ایک مثال ہے اور انشاء اللہ اس سال بھی وہی بھائی چارہ دیکھنے میں آئے گا اور اس کے ساتھ ساتھ شہر کے امن کی خاطر امن کمیٹی کی جانب سے تمام کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی۔