آسٹریلین ہائی کمیشن اور کنیئرڈ کالج برائے خواتین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے آج لاہور میں پانچویں گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی کی۔ اس ٹورنمنٹ کی حمایت کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور کھیل کے ذریعے ان لڑکیوں کو بااختیار بنانا ہے۔ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے، بہترین کوچز نے لڑکیوں کی تین روزہ کوچنگ اکیڈمی میں تربیت کی
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے لڑکیوں اور اسکولوں کو ان کی شرکت پر مبارکباد دی اور کنیئرڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ہاکنز کا کہنا تھا کہ کھیل رکاوٹوں اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے،جب بھی یہ لڑکیاں چوکا یا چھکا مارتی ہیں یا کیچ پکڑتی ہیں، وہ اپنا اعتماد بڑھاتی ہیں اور دوسروں کو متاثر کرتی ہیں۔
ہاکنز کا کہنا تھا کہ ہم فرسٹ کلاس ویمن کرکٹ کوچز اور پاکستان نیشنل ویمنز ٹیم کے ممبران کی شرکت کے لیے بے حد مشکور ہیں، جنہوں نے لڑکیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے وقت نکالا”۔
پاکستان ویمن کرکٹ کی سربراہ، تانیہ ملک نے کہا، کہ’’نوجوان لڑکیوں کو آگے آتے ہوئے دیکھ کر اور اس ٹورنامنٹ کو کامیاب ہوتے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ۔ ہم کافی عرصے سے پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں، ہماری باصلاحیت پاکستانی ٹیم نے خواتین کے افتتاحی آئی سی سی انڈر ۱۹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ٹرائی نیشن سیریز میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہمیں امید ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس سے ہمیں گراس روٹ لیول پر مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
کنیئرڈ کالج فار ویمن کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ نے کہا، "ہم نوجوان لڑکیوں کے لیے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرکے بہت خوش ہیں۔ کنیئرڈ کا مقصد کھیلوں میں شرکت کے ذریعے لڑکیوں کو صنفی طور پہ بااختیار بنانا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی قومی خواتین کرکٹرز نے اس کلینک میں شرکت کی اور لڑکیوں کی رہنمائی کی۔ اس سے لڑکیوں میں اعتماد اور ٹیم اسپرٹ کا جذبہ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو ترقی دینے میں مدد دے گا۔
چوتھے گرلز کرکٹ کپ میں چار سکولوں اور کھیلوں کے اداروں میں گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول، گورنمنٹ تہزیب البنات ماڈل گرلز سکول اور کنیئرڈ کرکٹ اکیڈمی کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔