محمد عثمان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 12ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو کھیل کے تمام شعبوں میں چت کردیا۔
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 192 رنز کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
جسپریت بمراہ کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا، انہوں نے7 اوورز میں 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بولنگ اور فیلڈنگ کے ذریعے پاکستان کو 191 رنز پر آل آؤٹ کرنے والی بھارتی ٹیم کی یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں لگاتار 8 ویں فتح ہے۔
بھارت کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں شبمن گل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، پہلی وکٹ 23 کے اسکور پر گری، شبمن گل 16 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
بھارت کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ویرات کوہلی تھے، جو 79 کے مجموعی اسکور پر 16 رنز بناکر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔
پاکستان کو تیسری کامیابی بھارتی کپتان روہت شرما کی وکٹ کی صورت میں ملی، جنہوں نے 63 گیندوں پر 86 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 6 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے، ان کی وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔
بھارت کے شیریاس ایئر 53 اور کے ایل راہول 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
گرین شرٹس کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے 1 بھارتی کھلاڑی کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
گرین شرٹس نے 42 اعشاریہ 5 اوورز میں 191 رنز پر بناکر پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس کی طرف سے بابر اعظم 50، محمد رضوان 49 اور امام الحق 36 رنز کے سوا کوئی بیٹر نمایاں پرفارمنس نہ دے سکا۔
دیگر کھلاڑیوں میں عبداللّٰہ شفیق 20 اور حسن علی 12 بناکر میدان چھوڑ گئے جبکہ سعود شکیل 6، افتخار احمد 4، شاداب خان 2، محمد نواز 4 اور حارث رؤف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔