مشکل حالات سے گزر چکے،امدادی کاروائیاں جاری ہیں،ڈی سی ڈیرہ

b71afe74-49f6-45fd-94c0-3d24cceb43cf.jpg

سیدرسول بیٹنی

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نصراللہ خان نے کہا ہے کہ مسلسل کئی روز تک جاری رہنے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے شہر کو چاروں طرف سے گھیرے رکھا اور اس دوران کافی گھمبیر حالات کا سامنا رہا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق کی خصوصی ہدایات اور انکی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے تمام مشکلات سے نمٹنے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں مگر چونکہ لوگوں نے اپنے آپ کو خطرات سے بچانے کیلئے مختلف مقامات پر سڑکیں اور آمدو رفت کے ذریعے کو کاٹ کر پانی کا راستہ بنانا چاہا جس کی وجہ سے امدادی کاروائیاں سرانجام دینے میں مشکلات اور تکالیف کا سامنا رہا مگر اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مشکل حالات سے گزر چکے ہیں اور موسم بھی کلیئر ہوتا جا رہا ہے اور انشاء اللہ اس آفت سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے شہر کی عوام سے سیلابی صورتحال، اقدامات اور موجودہ حالات سے متعلق اپنے دفتر سے جاری وڈیو پیغام کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ موسم کی صورتحال اور شدت کے پیش نظر اب تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن نہیں کیا جا سکا مگر جیسے جیسے مطلع صاف ہو رہا ہے تو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اورجہاں پر بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ان تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے رسائی ممکن بنائی جائے تو فوری طور پر اپنے گھروں کو چھوڑ دیں اور امدادی ٹیموں کے ساتھ روانہ ہو جائیں تاکہ بروقت محفوظ مقام تک منتقل کیا جا سکے جہاں رہائش، علاج معالجے، کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں کیونکہ سیلاب سے کچی آبادی اور دیہات زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور بیشتر گھروں کی حالت مخدوش ہے جو کہ کسی بھی وقت کسی بڑے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے تو سب کو واپس اپنے مقامات پر شفٹ کر دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزیدکہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ ایمرجنسی کنٹرول بھی آپریٹ کر رہا ہے لہذا کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں نمبر-9280116-0966 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔مزید براں اگر سوشل میڈیا کے ذریعے بھی دفتر ہذا تک رسائی کرتے ہیں تو اپنے یا متاثرہ خاندان میں سے کسی کا رابطہ نمبر ضرور شیئر کریں تاکہ ان تک پہنچنے میں آسانی رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطرات والے علاقوں سے متعلق ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے اور وہ متعلقہ محکموں سے شیئر کیا جائیگا تاکہ انہیں ایسے علاقوں میں آپریٹ کرنے میں مدد مل سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جو مخیر حضرات متاثرین کی امداد کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ بہتر خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیلاب 2010ء سے بڑا سیلاب ہے لہذا دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہر، صوبے اور پورے ملک پر اپنا خاص کرم فرمائے (آمین)۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top