پشاور:خیبر پختونخواکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلع صوابی میں صوبائی ٹیبل ٹینس لیگ منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیاگیا،اس لیگ میں نیشنل اور انٹر نیشنل مردوخواتین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے،لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیکر تیاریاں شروع کردی ہیں۔
یہ بات پاکستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدراور ارگنائزنگ سیکرٹری شہزاداسلام یوسفزئی نے پشاورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ وہ صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت اللہ خان،صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے حکام اور ڈی ایس او صوابی طارق محمد کی وساطت سے ضلع صوابی سمیت صوبے بھر میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،اب تک مردوخواتین کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع کی فراہمی کیلئے لاتعدادسینئر اور جونیئر کے مقابلے منعقد کرائے گئے ہیں،جسکے باعث ہمیں بہترین ٹیلنٹ سامنے آنا شروع ہوگیا بلکہ کئی باصلاحیت کھلاڑی واپڈا،آرمی اور دیگرمحکموں میں ملازمتیں حاصل کرچکے ہیں جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کررہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواکے کھلاڑیوں کو مزید مواقع دینے کیلئے ضلع صوابی میں پہلاخیبر پختونخواٹیبل ٹینس لیگ منعقدکرایاجائیگا،جس میں خیبر پختونخواسے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین باصلاحیت کھلاڑی شریک ہونگے،یہ لیگ جنوری میں منعقد کیاجائیگا،جسکے لئے بھر پور تیاں شروع کردی ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بام خیل سپورٹس کمپلیکس صوابی میں منعقدہ اس لیگ سے نہ صرف صوابی بلکہ صوبے بھر میں ٹیبل ٹینس کو فرغ ملے گااور اس سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ تلاش ہونے میں مددملے گی۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواٹیبل ٹینس لیگ کے سلسلے میں ڈی جی سپورٹس ڈائریکٹریٹ اسفندیار خٹک ،ایم ڈی ٹورازم خیبر پختونخواجنیدخان ،ڈی ایس اوصوابی طارق محمد اور دیگر حکام سے رابطے جاری ہے ،امید ہے کہ ہمیں مایوس نہیں کرینگے اور ہمیں مکمل سپورٹ کرینگے۔