سیدرسول بیٹنی
چترال:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شندور کے مقام پر شروع ہونے والے تاریخی پولو فیسٹیول کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی، سینئر صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت عاطف خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان، گلگت بلتستان کے عہدیداران، چترال سکاؤٹس،آئی جی ایف سی، پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول ہماری ثقافت کا حصہ بن چکا ہے، تاریخی پولو کھیل کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرینگے، صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سرگرم ہے اور نوجوانوں کو بھر پور سپورٹ کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان نے شندو رپولو فیسٹیول کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا اور سیاحوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان نے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون اور ضلعی انتظامیہ چترال کے زیراہتمام سطح سمندرسے بلند ترین پولو گراؤنڈ پر منعقدہ شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد اور سیاحوں کیلئے تمام سہولیات مہیا کرنا صوبائی حکومت کیلئے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہاکہ تین روزہ فیسٹیول میں چترال اور گلگت بلتستان کی علاقائی ثقافت سمیت مقامی ہنر مندوں کے ہنر کو فروغ دیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ چترال اور گلگت بلتستان کے پولو کھلاڑیوں اور ملک بھر سے آئے ہوئے سیاحوں اور میڈیاکا مشکورہوں جنہوں نے شندو رپولو فیسٹیول دیکھنے کیلئے طویل اور دشوار گزار سفر طے کر کے فیسٹیول کی خوبصورتی کو دگنا کیا ہے۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ امسال شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد کیلئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ غیر ملکی سیاحوں کی کثیر تعداد نے شندور کا رخ کیا ہے، صوبے میں بڑھتے ہوئے سیاحوں کی آمد اور اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں سیاحت کو فروغ ملا ہے اور یہ ہماری کامیابی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کاپورپشن جنید خان کا کہنا تھا کہ چترال میں پولو کھیل کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا، چترال میں گولین گول کو سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے کے علاوہ دیگر نئے سیاحتی مقامات بھی اجاگر کئے جا رہے ہیں کیمپنگ پاڈز کی جلد چترال میں بھی تنصیب کی جائے گی، انہوں نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول کا فائنل 9جولائی کو کھیلا جائے گا، پہلے روز افتتاحی میچ میں غذر گلگت بلتستان کی ٹیم نے لاسپور چترال کی ٹیم کو شکست دی۔