افضل شاہ یوسفزئی
اسلام آباد: ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا بنیادی مقصد مریضوں کو سہولیات کی فراہمی اور علاج کے معیار کو بہتر بنانا ہونا چاہیے، نہ کہ اضافی انتظامی رکاوٹیں اور مشکلات پیدا کرنا۔
کارڈیو کون 2026 کی پانچویں سالانہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کی تشکیل میں مریضوں کی ضروریات اور طبی تقاضوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ تجارتی مفادات کو صحت کی پالیسی سازی پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔
کانفرنس میں جنرل اظہر کیانی، پروفیسر حفیظ اللہ، پروفیسر شہریار، پروفیسر اختر بندیشہ اور نثار میمن سمیت پاکستان کے ممتاز طبی ماہرین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ پاکستان میں امراضِ قلب کے باعث ہر گھنٹے تقریباً 47 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ سالانہ اموات کی تعداد تقریباً ساڑھے چار لاکھ ہے۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں میں متعدد کیسز رپورٹ نہ ہونے کے باعث اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طبی ٹیکنالوجی اور تشخیصی سہولیات کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے، تاہم ڈیجیٹل ہیلتھ کا تصور صرف کمپیوٹرز یا ہسپتال مینجمنٹ سافٹ ویئر کی تنصیب تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اس کا حقیقی مقصد صحت کی منصوبہ بندی، بیماریوں کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لیے قابلِ اعتماد ڈیٹا کا مؤثر استعمال ہے۔
انہوں نے کورونا وبا کے دوران نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والا ڈیٹا شواہد پر مبنی فیصلوں اور مؤثر پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوا۔
وائس چانسلر ایچ ایس اے کا کہنا تھا کہ بعض ہسپتالوں میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کے نتیجے میں مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے دفتری بوجھ اور انتظار کے دورانیے میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل حل طبی ماہرین کی مشاورت سے اور حقیقی کلینیکل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جانے چاہئیں۔
ڈاکٹر شہزاد علی خان نے امراضِ قلب کے ماہرین پر زور دیا کہ وہ علاج معالجے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر، عوامی آگاہی، بروقت تشخیص، ہسپتال پہنچنے سے قبل طبی نگہداشت اور مریضوں کے باقاعدہ فالو اپ پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
کانفرنس کے دوران پاکستان اور بیرونِ ملک سے آئے ہوئے طبی ماہرین نے امراضِ قلب، ڈیجیٹل ہیلتھ اور مستقبل کے نظامِ صحت سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

