سیدرسول بیٹنی
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی سے تعلق رکھنے والے عبدالاحد خان نے محدود وسائل کے باوجود شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہم جماعت کے بورڈ امتحان میں 600 میں سے 591 نمبر حاصل کرکے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
عبدالاحد خان نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں سے حاصل کی، تاہم علاقے کے نامساعد حالات کے باعث وہ اپنے والدین کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل ہوگئے۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول کوٹلہ سیداں میں داخلہ لیا، جہاں اساتذہ کی رہنمائی اور والد کی سرپرستی میں تعلیمی سفر جاری رکھا۔
سرکاری اسکول میں زیرِ تعلیم عبدالاحد ایک سرکاری اسکول ٹیچر کے بیٹے ہیں۔ ان کی نمایاں کامیابی نے یہ ثابت کیا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود محنت، مستقل مزاجی اور عزم کے ذریعے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔
عبدالاحد اس وقت دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہیں اور آئندہ بورڈ امتحانات میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
ان کی کامیابی پر والدین، اساتذہ اور اہلِ علاقہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے باصلاحیت اور مستحق طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے تعلیمی وظائف اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔
عبدالاحد خان کی کامیابی نہ صرف ان کے خاندان اور اسکول بلکہ سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صلاحیت مواقع اور حوصلہ افزائی ملنے کی صورت میں کسی بھی پس منظر سے ابھر سکتی ہے۔

