اسلام آباد:سماجی و کاروباری شخصیت حنا گل نے کہا ہے کہ پاکستان صرف ہمارا وطن نہیں بلکہ ہماری ذمہ داری اور ہمارا مشترکہ مستقبل ہے، نوجوان نسل کو ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایشین بزنس فورم (ABF) کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی، معاشی استحکام، کاروباری روابط اور مستقبل کی اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تقریب میں سینئر شخصیات، کاروباری نمائندگان اور میڈیا سے وابستہ معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
حنا گل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی عزم، قربانی، اتحاد اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے عظیم سفر کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال یومِ آزادی پر پاکستانی قوم اپنے قومی پرچم کو فخر سے بلند کرتی ہے اور ان بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جن کی قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان صرف ورثے میں نہیں ملا بلکہ ہم اس عظیم جذبے کے وارث بھی ہیں، اس لیے آزادی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ملک کو مزید مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے۔
حنا گل نے کہا کہ مشکلات کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، پاکستانی قوم عزم، اتحاد اور محنت کے ذریعے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہی نہیں بلکہ آج کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قربانیوں کی میراث کو سنبھالتے ہوئے نئی نسل پاکستان میں نئے مواقع پیدا کرنے، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور ملک کو مزید روشن و خوشحال بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی ترقی، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اتحاد اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جائے گا۔

