غلام اکبر مروت
لکی مروت : خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کاواحد حل تعلیم ہے ، ہم اپنے بچوں کو اچھی سے اچھی تعلیم دلواکر یہ مقصد حاصل کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گنڈی چوک میں محکمہ تعلیم لکی مروت کے زیر اہتمام جاری داخلہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ آگہی واک کی قیادت کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
آگاہی واک پشاور روڈ پر سے ہوتے ہوئے گنڈی چوک پہنچ کر ختم ہوگئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر لکی مروت نذیر احمد خان، ایس ڈی ای او قدیر شاہ، اے ڈی ای او نثار محمد خان،اور محکمہ تعلیم کے افسران سمیت اساتذہ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور کثیر تعداد میں پرائمری سکولوں کے ننھے منھے بچوں نے شرکت کی۔
واک کے شرکاء نے بینرز اور چارٹیں اٹھا رکھے تھے جن پر تعلیم کی اہمیت اور بچوں کے سکولوں میں داخلے سے متعلق آگہی کے پیغامات درج تھے۔
وزیر صحت نے کہا کہ اگر ہمیں ترقی کرنی ہے اور خوش و خرم رہنے کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں خوشحالی لانی ہے تو ہمیں ہر بچے کو تعلیم دلانا ہوگی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے نئے داخل ہونے والے بچوں اور بچیوں کو سکول بیگز اور مفت درسی کتب دیں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اساتذہ معماران قوم ہونے کے ناطے بچوں پر محنت کریں اور ان کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اس کا اجر اور پھل انہیں اللہ تعالیٰ دے گا۔