بچوں کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے سے شرح خواندگی بڑھے گی ، کامران بنگش

13de3806-1ebc-4b0f-a314-a1b653654ac7-e1555007379632.jpg

پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ حکومت کے نتیجہ خیز اقدامات کی بدولت سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتر ہو رہا ہے ، ہمارے تعلیمی اہداف میں سب سے زیادہ توجہ معیاری تعلیم کی فراہمی پر مرکوز ہے کیونکہ قوم کے بچوں کو سازگار تعلیمی ماحول میسر ہونے سے تعلیمی شرح بڑھے گی جس سے ملک کا مستقبل تابناک ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنمنٹ شہید اسامہ طاہر ہائی سکول نانک پورہ پشاور میں نئے سال کی داخلہ مہم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں ضلع پشاور کے زنانہ و مردانہ ای ڈی اوز ایجوکیشن، والدین، طلبہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اس موقع پر معاون خصوصی نے پشاور کے مختلف سرکاری سکولوں میں بچوں اور بچیوں کے داخلہ فارم خود بھر کر انہیں سکولوں میں داخل کروایا اور انہیں سکول بیگز فراہم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے میں جس سرکاری سکول نے بچوں کا زیادہ داخل کرایا تو اس ادارے کے پر نسپل کو اعزازی شیلڈ اور انعام سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے مقامی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ عوامی آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں اور داخلہ مہم میں اپنا حصہ ڈال کر سرکاری سکولوں میں زیادہ بچوں کو داخل کرانے میں اپنی کوششیں تیز کریں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں کیونکہ کل ان نونہالوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور ان بچوں کے ذریعہ پاکستان خطے اور دنیا میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے میں حکومت کیساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top