سيدرسول بيٹنی
پشاور: ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ چترال کے باہمی اشتراک سے 2 ہزار سال سے زائد پرانا تاریخی جشن قاقلشت 18اپریل سے شروع ہوگا جبکہ اختتامی تقریب 21اپریل کو منعقد ہوگی۔
فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد مقامی ثقافت کی رونمائی اور چترال میں سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ چترال سمیت صوبہ کے دیگر سیاحتی مقامات کو دنیا میں اجاگر کرنا اور بیرون ممالک سے عالمی سیاحوں کو اس جانب راغب کیا جا سکے ۔
سطح سمندر سے 7 ہزار بلندی پرواقع تحصیل مستوج ڈسٹرکٹ چترال میں ہونے والا قاقلشت فیسٹیول ہر سال بہار کی آمد پر منعقد کیا جاتا ہے جس میں مختلف وادیوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہیں، شندور کی طرح اس ثقافتی میلے میں بھی بیرون ممالک سے کثیر تعداد میں سیاح چترال کا رخ کرتے ہیں۔
جشن قاقلشت میں کھیلوں کے مقابلوں سمیت موسیقی نائٹ ، کلچرل شو ، روایتی کھانوں کے سٹالز ، پولو اور دیگر مقابلوں کا بھی انعقاد کیاجاتا ہے،کھیلوں کے مقابلوں میں رسہ کشی،خصوصی افراد کیلئے کھیلوں کے مقابلے ، سکیٹ شوٹنگ، میراتھن ریس، والی بال، کرکٹ ، روایتی شوٹنگ ،فٹبال ،لوکل ہاکی، بیڈمنٹن ، پیراگلائیڈنگ ، ٹیبل ٹینس اور پولو سمیت دیگر مقابلے شامل ہیں، جشن قاقلشت میں محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔