پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و چیئرمین صوبائی الیکشن کمیشن سردار حسین بابک نے قلیل مدت کے دوران ممبر سازی و تنظیم سازی کا عمل مکمل ہونے پر صوبے کی تمام ضلعی الیکشن کمیٹیوں،صوبائی الیکشن کمیشن کے ممبران اور پارٹی تنظیموں کے ساتھ ساتھ صاحب الرائے مشران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9لاکھ ممبر سازی کا ہدف در اصل پارٹی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے،
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے این پی کے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے عوام کی ممبر سازی میں دلچسپی اس بات کی عکاس ہے کہ مرکزی و صوبائی قیادت پر اعتماد اور پارٹی پالیسیوں پر عوام غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام آئین ساز و پالیسی ساز اداروں کی تشکیل و تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی اور جمہوری طریقوں سے آئینی اداروں کی تکمیل و تشکیل ملک کی دیگر سیاسی پارٹیوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔
سردار حسین بابک نے کہا کہ خواتین ،نوجوانوں اور تمام طبقہ فکر کے لوگوں نے ممبر سازی کے عمل میں دلچسپی کا اظہار کرکے ثابت کر دیا ہے کہ مصنوعی طریقے سے اے این پی کو کمزور کرنے کی سازشیں ناکام اور بے نقاب ہوں گی ،کارکنوں کا جذبہ اور دلچسپی اے این پی کو عوامی قوت تسلیم نہ کرنے والی تمام مصنوعی قوتوں کیلئے کھلا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں سے لے کر ،تحصیل ، ضلع ،صوبہ اور مرکز تک جمہوری طریقے سے مرحلہ وار تنظیم سازی کا عمل مکمل ہوگیاہے اور اب 10اپریل کو باچا خان مرکز میں نو منتخب صوبائی کونسل آئندہ چار سال کیلئے نئی صوبائی کابینہ کا انتخاب جمہوری طریقے سے مکمل کرے گی۔