سیدرسول بیٹنی
پشاور: سینئر صوبائی وزیر سیاحت ، کھیل ، آثارقدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ شندور پولو فیسٹیول میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی میں امسال کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے گی ، ہمارا مقصد شندور پولو فیسٹیول کی عالمی دنیا میں رونمائی اور سیاحوں کو اس جانب راغب کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم کانفرنس ہال پشاور میں شندور پولو فیسٹیول کی مناسبت سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دفعہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو شندور اور چترال لانا اور بہترین انداز میں اُن کی مہمان نوازی کرنا ہے تاکہ تاریخی شندور پولو فیسٹیول سے سیاح خوب لطف اندوز ہوسکیں
اجلاس میں کیلاش سے تعلق رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی وزیر زادہ ،سیکرٹری محکمہ سیاحت ارشد محمود، ڈپٹی کمشنر چترال خورشیدمحسود، سینئر جنرل منیجر ٹورازم کارپوریشن حیات علی شاہ ، ڈائریکٹر کلچر خیبرپختونخوا محمود خان ،منیجر مارکیٹنگ حسینہ شوکت، ممبران تھنک ٹینک علی جان ، اسرار الدین، پولو ایسوسی ایشن کے سکندر الملک اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ امسال زیادہ سے زیادہ ملکی سیاحوں سمیت غیر ملکی سیاحوں کو بھی شندور کی جانب راغب کیا جائے گا،اس مقصد کیلئے فضائی سروس کیلئے قومی ایئرلائن سے رابطہ کرکے ایسے روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے گا جبکہ لواری ٹنل کو بھی اسی میلے کے دوران 24گھنٹے کھلا رکھا جائے گا تاکہ سیاحوں کوکسی قسم کی مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں شندورپولو فیسٹیول کے بہترین انداز میں انعقاد کیلئے پرائیویٹ فرمز اور ملٹی نیشنل پارٹیز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بھی غوروفکر ہوا جس کیلئے ٹورازم کارپوریشن ، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو کہ باقاعدہ مشاورت کرکے اہم فیصلے کریگی ۔