سیدرسول بیٹنی
پشاور : سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خا ن نے کہاہے کہ صوبے کے نئے سیاحتی مقامات سے حاصل ہونے والی آمدن مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی اور نئے سیاحتی مقامات میں بسنے والے لوگوں میں سیاحت کے حوالے سے باقاعدہ شعور اجاگر کرنے کیلئے مہم چلائینگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائیٹڈ نیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) اور محکمہ سیاحت کے تعاون سے منعقدہ ورکشاپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.
عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت مقامی سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور مقامی لوگوں کو بھی اعتماد میں لینا چاہتے ہیں تاکہ مقامی لوگ خود ہی سیاحتی مقامات کے محافظ بنے کیونکہ مقامی آبادی کو اعتماد میں لئے بغیر سیاحتی مقامات کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا ۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ وہاں موجود مقامی آبادی کو ساتھ لیکر چلا جائے ، سوات ، بونیر ، چترال اور مانسہرہ ڈسٹرکٹ میں نئے سیاحتی مقامات کا تعین کر لیا گیا ہے تاہم اس کیلئے نوجوانوں کو ٹریننگ دینے سمیت مقامی سیاحت کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے ۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ سیاحت کیلئے نوجوانوں کی تربیت سمیت مقامی افراد کو ان کے فوائد سے اجاگر کرنے اور آگاہی کیلئے ورکشاپس کا انعقاد ضروری ہے تاکہ ان مقامات کو آنے والے سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ان کی جان و مال کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے ۔