پشاور میں ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

a60e9e60-aace-4dfe-b6cf-b747133396a0-e1553605069971.jpg

سفید احمد

پشاور:صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے زیراہتمام ٹی بی کے عالمی دن کے مناسبت سے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں  آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد عوام میں ٹی بی کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنا تھا۔

سیمینار میں  سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل، ڈاکٹر اورنگ زیب بلوچ ڈپٹی نیشنل کوارڈینیٹر ٹی بی پروگرام ، ڈاکٹر پروفیسر ارشد جاوید لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل پشاور اور ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا نے شرکت کی۔

سیمنار  سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ نے کہا صحت عامہ کے مسائل میں ٹی بی کی روک تھام خیبر پختونخوا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی حکومت ٹی بی کنٹرول پروگرام محکمہ صحت خیبر پختونخوا عرصہ دراز سے سرکاری و نجی شعبوں کے اشتراک سے ٹی بی کے مریضوں کے لئے صوبے کے تمام اضلاع میں تشخیص اور علاج کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے سرگرم رہا ہے

سرکاری طبی اداروں کے ساتھ ٹی بی کنٹرول پروگرام محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے نجی طور پر  بھی تقریباً 4 سو طبی ماہرین کے ساتھ اشتراک قائم کیا ہے اور ان میں نجی مراکز کے ذریعے بھی ٹی بی کے مریضوں کو مفت اور معیاری سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔۔سال 2018 کے دوران صوبے میں 43603 ٹی بی کے مریضوں کا علاج کیا گیا جس میں کامیابی علاج کی شرح 95 فیصد رہی۔

صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں مزاحمتی ٹی بی کی تشخیص کے لئے 23 اضلاع میں 35 جدید جین ایکسپرٹ مشینیں لگائی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ان مریضوں کے علاج کے لئے صوبہ بھر میں پانچ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام نے سال 2020 تک ٹی بی کے خاتمے کے حوالے سے اہداف کے حصول جامعہ پلان تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے ساتھ شراکت قائم کی گئی ہے جس کے تحت آو ٹی بی مٹاؤ مہم کے ذریعے پہلے مرحلے میں پشاور شہر کو ٹی بی سے پاک کیا جائے گا اور پھر اس مہم کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top