نسیم مندوخیل
اسلام آباد : ڈی آئی جی ملاکنڈ ریجن محمد سعید خان وزیر نے کہا ہے کہ سوات کو سیاحت کا حب بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تا کہ وادی کے سیر کیلئے آنے والے سیاحوں کو سہولیات میسر ہوں۔
ان خیالات اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سینئر صحافی ممتاز احمد صادق، سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم، سینئر صحافی غفور خان عادل اور افتخار علی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے پرفضا مقامات تک سیاحوں کی رسائی آسان بنانے کیلئے پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیاحوں کی رہنمائی کریں اور سہولیات فراہم کریں تاکہ وہ وادی کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحتی علاقوں کی کوئی کمی نہیں ہے اس وادی کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہم سب پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ملاکنڈ ڈویژن کا ہر علاقہ سیاحوں کیلئے جنت نظیر اور مثالی ہے علاقے میں مثالی امن کے قیام کی وجہ سے سوات اور پورا ملاکنڈ ڈویژن سیاحوں کے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے
انہوں نے کہا کہ سوات کا قدرتی حسن اور دلکش مناظر اپنی مثال آپ ہیں۔ سوات کو سیاحوں کی جنت ارضی بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔
سعید وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے صحافیوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے قلم اور میڈیا کے ذریعے سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے قدرتی حسن اور خوبصورتی کو اجاگر کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس علاقے کا رخ کرسکیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں مثالی امن کی وجہ سے سیاحوں نے اس علاقے کو توجہ کا مرکز بنایا ہوا ہے۔