کوہاٹ : حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان کی ہدایت پر ا یڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ سمیع اﷲ نے جمعہ کے روز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول توغ بالا، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بلی ٹنگ اور گورنمنٹ ہائی سکول گمبٹ کے میٹرک کے امتحانی ہالوں پراچانک چھاپے مارے اور69 طلباء کونقل کرتے پکڑ کران سے موقع پر نقل کا موادبرآمدکیا ۔
انہوں نے چیئرمین تعلیمی بورڈ کو اس سلسلے میں باقاعدہ طورپر احکامات جاری کردئیے۔اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کا کہناتھاکہ امتحانی مراکز میں سٹاف کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
ان کا کہناتھا کہ چھاپوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور کسی کوبھی نقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ قابل اور ذہین طلباء کی حوصلہ شکنی نہ ہو۔
سمیع اللہ نے کہا کہ نقل نے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے لہٰذا نقل کا خاتمہ وقت کا اہم تقاضاہے اوراس لعنت کا خاتمہ تب ممکن ہوگا جب اساتذہ اس کو جہاد سمجھ کر ہمارا ساتھ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نقل کی لعنت میں ملوث اور معاونت کرنے والے دونوں قومی مجرم ہیں اس لئے دونوں برابر سزا کے مستحق ہیں۔