عثمان خان
لکھنؤ:آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 34 ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
بھارتی شہر لکھنؤ کے رتنا شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان کمان ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان نے 180 رنز کا ہدف 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان حشمت اللہ شاہدی 56 اور رحمت شاہ 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
افغانستان کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر گری جب رحمان اللہ گرباز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ 55 کے مجموعی سکور پر ابراہیم زدران کی گری جو 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔
کپتان حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا تاہم رحمت شاہ 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ حشمت اللہ شاہدی 56 اور عظمت اللہ عمرزئی 31 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں نیدرلینڈز کی جانب سے اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، ویزلی بیریسی ایک رن بناکر پویلین لوٹے جبکہ میکس او ڈاؤڈ 42، کولن ایکرمین 29، کپتان کمان ایڈورڈز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔باس ڈی لیڈز اور ثاقب ذوالفقار 3، 3 ، لوگن وین بیک 2، روئیلوف وین ڈیر مروے 11 اور سائبرینڈ اینجلبرچٹ 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 3 ، نور احمد نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نیدرلینڈز کے 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔