سیدرسول بیٹنی
یو ایس ایڈ کے اقتصادی بحالی اور ترقی پروگرام نے 77 فیلڈ سٹاف او زمینداروں کيلئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں محکمہ زراعت کے عملے اور کسانوں کو ڈرون اسمبلی، سپریر کے استعمال اور ڈرون آپریشن کے ہنر سے آشنا کرنا تھا،یہ تربیتی سیشنز پشاور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور ایبٹ آباد میں منعقد کیے گئے جن میں شرکاء کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ٹریننگ دی گئیں۔
ورکشاپ کا مقصد ڈرون جیسی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے زرعی پیداواری صلاحیوتوں کو فروغ دینا تھا اور شرکاء کو یوایس ایڈ کی جانب سے ایسی عملی تربیت فراہم کرنا تھا جو کہ مستقبل میں خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں زارعت کے شعبے کو جدید اور بااختیار بنانے میں مدد گار ثابت ہوسکیں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن خیبر پختونخوا جان محمد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو کہ ہمارے فیلڈ سٹاف کو زراعت کی جدید طریقوں کے موثر استعمال کے لیے تیار کررہی ہے، جس سے زرعی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا۔
یو ایس ایڈ کے اقتصادی بحالی اور ترقی پروگرام کے چیف آف پارٹی شاد محمد نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید تربیت کے ذریعے ہی ہم خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کی ایگریکلچر میں ترقی کے بیج بوتے رہیں گے، پائیدار ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال ہماری لگن اور محنت کی عکاسی کرتا ہے۔
ایگریکلچر آفیسر شوانہ جلیل خان نے تربیتی ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈرون اسمبلی، آپریشن اور ایپلیکیشنز کے بارے جاننے سے ہمارے علم میں مزید اضافہ ہوا۔ اب ہم ان جدید طریقوں کو اپناکر مقامی کسانوں کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بنوں سے تعلق رکھنے والے کسان سراج خان نے ٹیکنالوجی کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون جیسی ایجادات وسائل کے استعمال کو بہتر بنانے پیداوار میں اضافہ کرنے اور معاش کو بہتر بناتے ہیں۔ میں نے اس تربیت سےجو کچھ سیکھا ہے اس کو اپنی پیشہ ورانہ کام میں استعمال کرنے کی کوشش کرونگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس ایڈ کے اقتصادی بحالی اور ترقی پروگرام کی سرگرمی مقامی زمینداروں کو بااختیار بنانے اور خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں معاشی ترقی میں ایک اہم پیشرفت ہو گی۔ سراج خان نے بتایا کہ یہ تربیتی پروگرام زراعت کے شعبے میں ترقی اور جدت کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔