سیدرسول بیٹنی
۔
پشاور: امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی اقتصادی بحالی اور ترقی (USAID-ERDA) وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (WCCI) پشاور کے تعاون سے رجسٹریشن اور ریگولیٹری امور کاروبار سے متعلق دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ تربیت کا مقصد کاروبارکی رجسٹریشن، دستاویزات اور متعلقہ قواعد و ضوابط کی تعمیل کے حوالے سے کاروباری خواتین اور اسٹارٹ اپس کے معلومات میں اضافہ کرنا تھا۔
تربیتی ورکشاپ میں خواتین چیمبر آف کامرس، کاروباری خواتین، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے)، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سمیت مختلف اداروں نے شرکت کی۔ ریلیف ڈیپارٹمنٹ، بینک آف خیبر، پاکستان کسٹمز، وکلاء اور خیبر پختونخواہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ ورکشاپ میں USAID-ERDA کی سینئرانتظامیہ نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ میں ایس ای سی پی سمیت فیلڈ کے ماہرین کی طرف سے تفصیلی پریزنٹیشنز دی گئی۔جن میں پاکستان کسٹمز، انڈسٹریز اینڈ کامرس، ویمن چیمبر آف کامرس FBR-IRS کے پی آر اے ،بینک آف خیبر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نمائندوں نے ورکشاپ کے شرکاء کو کاروبار کی رجسٹریشن اور ریگولیٹری امور کے عمل کے بارے میں آگاہی دی اور ان کی کاروبار میں درپیش مشکلات کے حل کے لیے موقع پر مدد فراہم کی۔
اس کے علاوہ میں ورکشاپ میں کاروباری خواتین کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی ضروریات اور طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد کے لیے ہیلپ ڈیسک فراہم کی گئی، تاکہ ان کی کاروباری کوششوں کو مزید آسان بنایا جا سکے اور موقع پر مشکلات کو حل کیا جا سکے۔
USAID-ERDA کے چیف آف پارٹی شاد محمد نے کہا ہمیں امید ہے کہ ان اقدامات کے ذریعے، ہم کاروباری رجسٹریشن، ریگولیٹری تعمیل، اور کاروباری خواتین کو ان کی متعلقہ صنعتوں میں پھلنے پھولنے کے لیے ضروری آلات فراہم کر سکیں گے۔
فاسٹ موو پیکجز کی منیجنگ ڈائریکٹر افشاں خان نے کہا کہ ہم نے کاروباری اداروں کے لیے درکار ریگولیٹری عمل اور دستاویزات کے بارے میں اہم معلومات حاصل کی۔ اب ہم کاروباری نظام کو اوربہتر طریقے سےچلائیں گے۔
صدر ویمن چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عذرا جمشید نے کہا کہ ہم اس تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کے لیے USAID-ERDA کے شکر گزار ہیں۔ کاروباری خواتین کو ضروری معلومات اور وسائل سے آراستہ کرکے ہم کاروبار میں در پیش رکاوٹوں پر قابو پا سکیں گےاور کاروباری ماحول کو بہتر بنا سکیں گے۔