محمد ریحان
ڈیرہ اسماعیل خان:عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی انتخابات میں عمرخطاب شیرانی ایڈوکیٹ صدراورخان ولی خان ایڈوکیٹ جنرل سیکرٹری جبکہ سٹی انتخابات میں تیمور خان مروت ایڈوکیٹ صدراوربادشاہیرخان جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔
ضلعی انتخابات کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جائنٹ سیکرٹری وسیکرٹری الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا خورشید خٹک اورممبرالیکشن کمیشن وسابق ممبرصوبائی اسمبلی ارم فاطمہ کی نگرانی میں انتخابات کے سلسلے میں ایک اجلاس کا انعقادہوا جس میں سابق ضلعی صدرشہاب خان ایڈوکیٹ ،تحصیل ممبرپیر نعمان ،شاہی خان شیرانی ،عمرخطاب شیرانی ،درازندہ کے صدرداودخان اورتمام تحصیلوں کے صدورتیمور خان مروت ،نعمت اللہ خان ،فیروزخان اورنورشاہ بھی موجودتھے۔
اس موقع پراتفاق رائے سے عمرخطاب شیرانی ایڈوکیٹ کوضلعی صدر،انواراللہ خان سابق ایس پی محکمہ پولیس کوسینئر نائب صدراورخان ولی خان ایڈوکیٹ کوجنرل سیکرٹری منتخب کرلیاگیا اسی طرح سٹی کابینہ کے لیے تیمورخان مروت ایڈوکیٹ کوسٹی صدر،افتخارایڈوکیٹ کو سینئر نائب صدراوربادشاہیر خان کوجنرل سیکرٹری منتخب کرلیاگیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر عمرخطاب شیرانی ایڈوکیٹ نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے ۔ منتخب ہونے کے بعد پارٹی کو مضبوط بنائیں گے اورورکرز کے حقوق پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔بلدیاتی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی بھرپورحصہ لے گی اورانشاء اللہ کامیابی حاصل کرے گی۔
سٹی صدرتیمورخان مروت ایڈوکیٹ نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی باچاخان کے بتائے ہوئے اصولوں پر کاربند رہ کرسیاست میں حصہ لیتی رہے گی ۔ہم اپنے حقوق مانگیں گے نہیں بلکہ چھینیں گے ۔